وفاقی ملازمین کے نئے پے سکیلز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے نئے پے سکیلز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، وزارت خزانہ نے بنیادی تنخواہوں کے پے سکیلز 2022 کی جگہ نئے پے سکیلز نافذ کر دیئے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ ایک کے ملازم کی کم از کم بنیادی تنخواہ 13 ہزار 550 روپے سے بڑھا کر 16 ہزار 280 روپے کر دی گئی ہے جبکہ سالانہ انکریمنٹ 430 روپے سے بڑھا کر 520 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق گریڈ 16 کے ملازمین کی کم از کم بنیادی تنخواہ 33 ہزار 720 اور زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ 15 ہزار 320 روپے مقرر کی گئی ہے، گریڈ 17 کے افسران کی ابتدائی بنیادی تنخواہ 45 ہزار 70 سے بڑھا کر 54 ہزار 140 روپے کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں گریڈ 22 کے افسران کی کم از کم بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 46 ہزار 770 اور زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ 93 ہزار 350 روپے مقرر کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ نے گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کے لیے پے سکیلز 2022 کے تحت ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری بھی دے دی ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

حکومت نے کنوینس الاؤنس میں بھی 50 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق گریڈ ایک سے چار تک کے ملازمین کا کنوینس الاؤنس ایک ہزار 785 سے بڑھا کر 2 ہزار 678 روپے کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 5 سے 10 کے ملازمین کے لیے 2 ہزار 898 روپے جبکہ گریڈ 11 سے 15 کے ملازمین کا کنوینس الاؤنس 4 ہزار 284 روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے افسران کا کنوینس الاؤنس 5 ہزار سے بڑھا کر 7 ہزار 500 روپے کر دیا گیا ہے، وزارت خزانہ کے مطابق نئی شرحوں کا اطلاق بھی یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...