اسحاق ڈار اور سری لنکن وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
منیلا:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قریبی، دوستانہ اور دیرینہ تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے تجارت، اقتصادی روابط، دفاعی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ادارہ جاتی روابط میں مثبت پیش رفت اور بڑھتے ہوئے تجارتی و اقتصادی تعاون کو سراہا جب کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حالیہ کامیاب دورۂ سری لنکا کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکن وزیر خارجہ نے امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا جبکہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تاکہ افہام و تفہیم کے ذریعے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments