مارک زکربرگ نے اے آئی سے روزگار ختم ہونے کی پیشگوئی مسترد کر دی

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس، اے آئی) سے انسانیت کو لاحق ممکنہ خطرات پر جاری عالمی بحث کے دوران میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اس تاثر کو مسترد کر دیا ہے کہ اے آئی کے باعث کروڑوں افراد ملازمتوں سے محروم ہو جائیں گے۔

مارک زکربرگ نے حال ہی میں ایک امریکی اخبار کے لیے لکھے گئے مضمون میں کہا کہ اے آئی کے مستقبل کا انحصار خود ٹیکنالوجی سے زیادہ اس بات پر ہے کہ اس کا کنٹرول کس کے پاس ہوتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ جدید اے آئی کا اختیار حکومتوں یا طاقتور اداروں کے بجائے زیادہ سے زیادہ عام لوگوں کے پاس ہونا چاہیے تاکہ اس ٹیکنالوجی سے وسیع پیمانے پر فائدہ اٹھایا جا سکے۔

ان کے مطابق اگر اے آئی تک عوام کی رسائی ممکن بنائی جائے تو اس سے نئے مواقع پیدا ہوں گے، مزید افراد کاروبار شروع کر سکیں گے اور نئی ملازمتیں بھی وجود میں آئیں گی۔

مارک زکربرگ نے کہا کہ انہیں حیرت ہوتی ہے جب اے آئی پر کام کرنے والے بعض ماہرین خود یہ انتباہ کرتے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر ملازمتیں ختم کر دے گی اور انسانوں کا کردار محدود ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے تو پھر اس پر بھرپور انداز میں کام جاری رکھنا ایک ناقابلِ فہم بات ہے۔

میٹا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک اے آئی ایک ایسا مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے جو لوگوں کو زندگی میں آگے بڑھنے، نئی مہارتیں حاصل کرنے اور بہتر مواقع پیدا کرنے میں مدد دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں متعدد ایسی انقلابی ٹیکنالوجیز سامنے آ چکی ہیں جنہوں نے عام افراد کو ترقی کرنے اور اپنی زندگی بہتر بنانے کے نئے مواقع فراہم کیے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...