محسن نقوی کے خیالات سے کم و بیش اتفاق، اصلاحات کا فورم پارلیمنٹ ہے: خواجہ آصف
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر وزیر داخلہ محسن نقوی کے خیالات سے کم و بیش اتفاق کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے ملکی نظام کی کسمپرسی اور کمزوریوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے جن پر سنجیدگی سے غور ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر نظام کو مضبوط کرنا اور بنیادی اصلاحات لانا مقصود ہے تو اس کا آئینی اور جمہوری فورم پارلیمنٹ ہے، ان کے مطابق محسن نقوی خود بھی پارلیمنٹ کے رکن ہیں، اس لیے ان معاملات پر پارلیمنٹ اور کابینہ میں بحث ہونی چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس معاملے کو وفاقی کابینہ میں بھی زیرِ بحث لایا جا سکتا ہے جس سے ادارے اور نظام مضبوط ہوں گے اور مطلوبہ تبدیلی آئینی و جمہوری عمل کے ذریعے آئے گی۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ محسن نقوی کبھی کبھار پارلیمنٹ اور کابینہ کے اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں اور امید ہے کہ ایسے اہم معاملات پر وہاں بھی مؤثر گفتگو ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments