ایران کی امریکی حملے پر خلیجی ممالک کو اندھیرے میں ڈبونے کی دھمکی

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے مبینہ طور پر خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے اس کے بجلی گھروں اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا تو جواب میں خلیجی ممالک کے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو ہدف بنایا جائے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دو خلیجی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران نے مختلف خلیجی دارالحکومتوں کو پیغام دیا ہے کہ امریکی حملے کی صورت میں خطے کے بجلی کے نظام اور اہم انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم ایران نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک علاقائی عہدیدار نے بھی تصدیق کی کہ ایسے انتباہی پیغامات مختلف خلیجی ممالک تک پہنچائے گئے تھے، ایران نے مبینہ طور پر ان اہم تنصیبات اور اہداف کی فہرست بھی پیش کی جنہیں جوابی کارروائی میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے، تاہم ان اہداف کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔

اے ایف پی کے مطابق ان مبینہ انتباہی پیغامات کے بعد خلیجی ممالک میں تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ ان کی معیشت، تیل کی برآمدات، پانی صاف کرنے کے پلانٹس، مواصلاتی نظام اور دیگر اہم خدمات جدید بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر انحصار کرتی ہیں۔

اب تک نہ امریکا نے اس رپورٹ پر باضابطہ ردعمل دیا ہے اور نہ ہی ایران نے ان مبینہ دھمکیوں کی سرکاری سطح پر تصدیق یا تردید کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو امریکا ایران کی توانائی اور بجلی کی تنصیبات پر بڑے پیمانے پر حملے کر سکتا ہے، بعد ازاں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی درخواست پر فوری کارروائی کا منصوبہ مؤخر کر دیا گیا تاکہ سفارتی کوششوں کو کامیاب ہونے کا موقع مل سکے۔

ادھر امریکا، ایران، عمان، قطر اور دیگر علاقائی ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کو مستحکم بنانے کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں، جبکہ ذرائع کے مطابق ممکنہ معاہدے پر پیش رفت ہوئی ہے، تاہم کئی اہم معاملات پر ابھی اتفاق رائے ہونا باقی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...