فیسکو کی نجکاری میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی
اسلام آباد:(دنیا نیوز) فیسکو (فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی) کی نجکاری کے عمل میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
نجکاری کمیشن کے اعلامیے کے مطابق فیسکو کی نجکاری کیلئے مجموعی طور پر 12 اظہارِ دلچسپی (EOIs) موصول ہوئے ہیں، جن میں سرمایہ کاروں نے کمپنی کے 51 سے 100 فیصد حصص خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ترکیہ کے 3، چین کے ایک سرمایہ کار جبکہ 8 پاکستانی کاروباری گروپس نے بھی اظہارِ دلچسپی جمع کرایا ہے، مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ فیسکو کی نجکاری میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی ایک اہم سنگِ میل ہے۔
نجکاری کمیشن کے مطابق پری کوالیفکیشن کے مرحلے میں موصول ہونے والے اظہارِ دلچسپی اور اسٹیٹمنٹس آف کوالیفکیشن کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد اہل قرار پانے والے سرمایہ کاروں کو نجکاری کے اگلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا اور انہیں ورچوئل ڈیٹا روم تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب فیسکو کی نجکاری کا مقصد آپریشنل کارکردگی میں بہتری، بجلی کی تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، لائن لاسز میں کمی لانا اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنا ہے، نجکاری کمیشن کے مطابق یہ اقدام توانائی کے شعبے کو مالی طور پر زیادہ پائیدار بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ فیسکو، جیپکو اور آئیسکو ڈسکوز نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں، جیپکو کیلئے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اگست جبکہ آئیسکو کیلئے 7 ستمبر مقرر کی گئی ہے، نجکاری کمیشن نے شفاف، کھلے اور مسابقتی نجکاری عمل جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments