ماسکو میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، روسی نائب وزیر خارجہ کی خصوصی شرکت
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی دارالحکومت ماسکو میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں روسی حکومت کے اعلیٰ حکام، مختلف ممالک کے سفارتکاروں، ماہرین تعلیم، میڈیا نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی سمیت تقریباً 250 مہمانوں نے شرکت کی۔ روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل گالوزین تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور روس کے درمیان تیزی سے فروغ پاتے تعلقات کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، علاقائی رابطوں، تعلیم، سیاحت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
پاکستانی سفیر نے انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور میں پاکستان کی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے اسے کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں سے منسلک کرنے کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی نائب وزیر خارجہ میخائل گالوزین نے حکومت اور روسی عوام کی جانب سے پاکستانی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی معاملات میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے حالیہ خلیجی بحران کے دوران اسلام آباد کی ثالثی کی کوششوں، اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے کردار کا خصوصی ذکر کیا۔
میخائل گالوزین نے کہا کہ روس اور پاکستان کے درمیان تجارت، علاقائی رابطوں، صنعت، ادویہ سازی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا دائرہ مسلسل وسیع ہو رہا ہے۔
تقریب کا نمایاں پہلو پاکستانی ثقافت اور موسیقی کی خوبصورت عکاسی تھی۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی ہائپر فوک بینڈ خماریاں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا، جبکہ پرائیڈ آف پرفارمنس وائلن نواز ماسٹر رئیس خان نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
روسی حکام، غیر ملکی سفارتکاروں اور دیگر مہمانوں نے پاکستانی موسیقی اور روایتی کھانوں سے لطف اٹھایا۔ تقریب میں پاکستانی ثقافت کے رنگ نمایاں رہے اور یومِ آزادی کی یہ تقریب ماسکو میں پاکستان اور روس کے بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات کی عکاس بن گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments