14 اگست محض جشن کا دن نہیں بلکہ اپنے قومی عہد کی تجدید کا دن ہے، سہیل آفریدی
پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے قوم کو پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست محض جشن کا دن نہیں بلکہ اپنے قومی عہد کی تجدید کا بھی دن ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں اور طویل جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آیا، اس لیے آج ہمیں دیانت داری سے سوچنا ہوگا کہ کیا موجودہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کا پاکستان ہے، آزادی کا مقصد صرف ایک جغرافیائی خطے کا حصول نہیں تھا بلکہ ایسا پاکستان تشکیل دینا تھا جہاں آئین اور قانون کی بالادستی ہو، ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور آزادیِ اظہار کو تحفظ حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ آزادیِ اظہار پر قدغنیں قائداعظم کے وژن کے خلاف ہیں، جبکہ عوام کے مینڈیٹ اور بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، پاکستان کو سیاسی، معاشی اور ادارہ جاتی بحرانوں سے نکالنے کے لیے بنیادی اصلاحات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی جمہوری احتساب، آزاد عدلیہ اور مؤثر ادارے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عظیم اور حقیقی معنوں میں آزاد بنانا موجودہ نسل کی ذمہ داری ہے۔ آزادی، انصاف، عزت اور مساوات کو ریاستی نظام کی بنیاد بنانا ہوگا۔
محمد سہیل آفریدی نے نوجوانوں کو پاکستان کی اصل طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو انصاف، معیاری تعلیم، روزگار اور معاشی مواقع فراہم کرنا ہوں گے، نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں ان کی حقیقی شمولیت بھی یقینی بنانا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے اسلاف کی قربانیوں کو صرف تقاریر اور قومی دنوں تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ شہدا کی قربانیوں کو بامعنی اور نتیجہ خیز بنانا ہماری ذمہ داری ہے، مالی خودکفالت اور معاشی استحکام حقیقی قومی آزادی کے لیے ناگزیر ہیں، معاشی طور پر کمزور ملک اپنے فیصلوں میں مکمل طور پر خودمختار نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ شفاف حکمرانی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا۔
محمد سہیل آفریدی نے قوم پر زور دیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کو قائداعظم کے وژن کے مطابق بنانے کے عزم کی تجدید کی جائے۔
انہوں نے تحریکِ آزادی اور ملکی دفاع کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم آزادی، خودمختاری اور دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments