پاکستان آج سے اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا
جنیوا: (دنیا نیوز) پاکستان آج سے اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان سے ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کانفرنس کے نئے صدر ہوں گے، طاہر اندرابی کانفرنس اجلاس کی صدارت کے لئے جنیوا میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بحثیت صدر پاکستان کانفرنس کی سالانہ رپورٹ بھی تیار کرے گا جسے ممبران کی منظوری کیلۓ پیش کیا جائے گا، پاکستان اپنی صدارت کے دوران کانفرنس کے 2027 کے ایجنڈے کی تیاری کیلئے مشاورت اور مذاکرات میں سہولت کاری فراہم کرے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بحثیت صدر کانفرنس پاکستان اس ہفتے ’’خلا میں اسلحہ کی دوڑ کے روک تھام‘‘ (PAROS) پر اہم مباحثہ منعقد کرائے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کے خاتمہ، جوہری جنگ کی روک تھام، منفی سلامتی کی ضمانتیں خصوصی طور پر زیر غور آئیں گی، کانفرنس میں فوجی شعبے میں مصنوعی ذہانت (AI)، عالمی و علاقائ امن اور تزویراتی استحکام بھی زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق کانفرنس کی صدارت پاکستان کو عالمی سلامتی اور جوہری عدم پھیلاؤ کے اہم مباحث میں ایک نمایاں سفارتی کردار فراہم کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments