وزیراعظم کی اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو شہریوں کے لیے آسان، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور آسان ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں، شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
.jpg)
وزیراعظم نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ہم عصر تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات میں وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی اب تک کی اہم ترین اصلاحات میں سے ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں اور ایس او ایز میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے، سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے اور ٹیکنالوجی پارک کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کے لیے مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی جانب سے مکہ دفاعی معاہدے کی حمایت کو سراہتے ہیں: وزیراعظم
بریفنگ میں بتایا گیا کہ این آئی ٹی بی کی رائٹ سائیزنگ کی جا چکی ہے اور اہم عہدوں پر تعیناتی ایک شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے، تمام وفاقی وزارتیں ای آفس پر منتقل ہو چکی ہیں جبکہ دیگر محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں اس کی ترویج پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments