عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی فیصلہ ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا: سہیل آفریدی

ہنگو:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق تین ججز کے فیصلے کو حکومت اور انتظامیہ نے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔

ہنگو میں سٹریٹ موومنٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف عدالت، ایف آئی اے یا کسی دوسرے ادارے کی جانب سے حکم جاری ہو تو ایک گھنٹے میں اس پر عملدرآمد ہوجاتا ہے اور پندرہ منٹ میں پولیس پہنچ جاتی ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ عدالتوں نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے دو دن کا وقت دیا تھا، لیکن اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوا، اگر ظالموں اور طاقتوروں کو سزائیں نہیں دی جاسکتیں تو عدلیہ کو کمزور اور قید لوگوں کو بھی آزاد کرنا چاہیے، ایک ملک میں کمزور اور طاقتور کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہوسکتا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے حقیقی آزادی کی جو جدوجہد شروع کی ہے، اس کا مقصد کمزور اور طاقتور کے لیے یکساں قانون کا قیام ہے، عدالتوں کو سوچنا ہوگا کہ وہ ملک کو کس سمت لے جارہی ہیں، کسان پریشان ہے جبکہ صنعتکار اپنا سرمایہ ملک سے باہر منتقل کررہا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر فیصلے طاقتوروں کو بچانے کے لیے کیے جاتے ہیں تو وہ ایسے فیصلوں کے خلاف ہیں، نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے کھڑا ہونا ہوگا کیونکہ ملک کا فیصلہ نوجوانوں نے کرنا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی خواتین کے خلاف ظلم و جبر کیا جارہا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی بے توقیری کی گئی، اب مخالفین کے پاس ’’عورت کارڈ‘‘ کا پتا بھی ختم ہوگیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے جنون کی حد تک عشق کرتے ہیں اور ان کی بہن کے ایک ایک آنسو کی قیمت چکائیں گے۔

دوسری جانب سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ 27 اگست کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوگا اور اس بار 20 لاکھ کے بجائے 40 لاکھ افراد کو لے کر اسلام آباد جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...