معروف اداکارہ خالدہ ریاست کو دنیا چھوڑے 30 برس بیت گئے
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی آج 30 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ خالدہ ریاست نے اپنے وقت کے مقبول ترین ٹی وی ڈراموں میں بہترین اداکاری کی اور ناظرین کی توجہ حاصل کی، خالدہ ریاست یکم جنوری 1953ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔
انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 70 کی دہائی میں ڈرامہ سیریل ’نامدار‘ سے کیا، ڈرامہ سیریل ’بندش‘ سے خالدہ ریاست کو مقبولیت حاصل ہوئی اور پھر کامیابی کا سفر جاری رہا، انہوں نے ٹیلی فلمز پناہ، دشت تنہائی، اب تم جاسکتے ہو، ہاف پلیٹ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
باصلاحیت فنکارہ خالدہ ریاست سنجیدہ اداکاری کے ساتھ ساتھ مزاحیہ کردار بھی خوبصورتی سے اداکرتی تھیں، ان کے مشہور ڈراموں میں لازوال، مانی، ایک محبت سو افسانے، پڑوسی، کھویا ہوا آدمی اور دیگرشامل ہیں۔
خالدہ ریاست کا آخری ڈرامہ ”پڑوسی“ تھا جس کے بعد انہوں نے فنی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، اپنی دلفریب اداکاری کے باعث مداحوں کو متاثر کرنے والی خالدہ ریاست 26 اگست 1996ء کو انتقال کر گئی تھیں، اپنی فنی خدمات کے باعث وہ آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments