سکیش چندر شیکھر کا نورا فتحی کے نام خط سامنے آگیا، سنگین دھمکیوں کا دعویٰ
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) 200 کروڑ روپے کے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں جیل میں قید بھارتی ملزم سکیش چندرشیکھر کا اداکارہ و ڈانسر نورا فتحی کے نام ہاتھ سے لکھا گیا خط سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ خط نورا فتحی کے حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں اداکارہ نے اپنا نام سکیش چندرشیکھر کے ساتھ جوڑے جانے پر جذباتی صدمے کا اظہار کیا تھا۔
سکیش چندرشیکھر نے خط میں دعویٰ کیا کہ نورا فتحی اس کی طاقت، اثر و رسوخ اور تعلقات سے بخوبی واقف تھیں اور انہوں نے مراکش میں گھر خریدنے کے لیے اس سے کروڑوں روپے لیے تھے۔
خط میں مزید الزام عائد کیا گیا کہ نورا فتحی نے اس سے متعدد مہنگے اور قیمتی تحائف بھی طلب کیے۔ سکیش نے دعویٰ کیا کہ نورا فتحی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے ساتھ اس کے تعلقات پر حسد کرتی تھیں۔
سکیش چندرشیکھر کے مطابق نورا فتحی اسے روزانہ فون کرتی تھیں اور جیکولین فرنینڈس سے تعلق ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے تمام اخراجات اٹھانے کا مطالبہ کرتی تھیں۔
خط میں سکیش نے نورا فتحی کو مبینہ طور پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسے اشتعال نہ دلایا جائے، بصورت دیگر وہ ان سے متعلق مبینہ ثبوت اور چیٹس منظرعام پر لے آئے گا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ ایسی صورت میں کوئی پی آر ٹیم بھی اداکارہ کی ساکھ نہیں بچا سکے گی۔
دوسری جانب نورا فتحی نے سکیش چندرشیکھر کی جانب سے عائد تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے خود کو اس معاملے میں بے قصور اور متاثرہ فریق قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ سکیش چندرشیکھر 200 کروڑ روپے کے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں قانونی کارروائی کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ اس کیس میں بالی ووڈ سے وابستہ دیگر شخصیات کے نام بھی مختلف مراحل پر سامنے آچکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments