آبنائے ہرمز سے کسی جہاز کو بغیر اجازت گزرنے کی اجازت نہیں: ایران

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کی اجازت کے بغیر کوئی بھی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر نہیں سکتا۔

ابراہیم عزیزی نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو ایرانی حکام سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ہوگی، جبکہ گزرگاہ کے استعمال کے لیے پاسداران انقلاب کی بحریہ سے رابطہ اور مقررہ طریقہ کار پر عمل بھی ضروری ہوگا۔

ایرانی حکام اس سے قبل بھی آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت کے لیے ایران سے منظور شدہ راستوں اور اجازت نامے کی شرط عائد کرچکے ہیں۔

ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو منظم کرنے کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرانے کی کوششیں بھی سامنے آچکی ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد آبنائے سے گزرنے والے بحری جہازوں کی آمدورفت کو سکیورٹی تقاضوں کے تحت منظم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ایران پہلے ہی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے لیے مخصوص راستوں کی پابندی اور اجازت کے نظام پر زور دیتا رہا ہے۔ مئی میں ایرانی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ بعض یورپی ممالک بھی آبنائے ہرمز سے اپنے بحری جہاز گزارنے کے لیے تہران سے مذاکرات کر رہے ہیں۔

رواں سال ایرانی پارلیمنٹ میں آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق قانون سازی کی کوشش بھی سامنے آئی، جس کا مقصد آبی گزرگاہ پر ایران کے انتظامی اور سکیورٹی کردار کو مزید باضابطہ بنانا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...