ایٹمک ڈکٹیشن 2026 کا دائرہ وسیع، روس سمیت متعدد ممالک میں آج سے آغاز

ماسکو: (دنیا نیوز) روس کے بین الاقوامی تعلیمی منصوبے ’’ایٹمک ڈکٹیشن 2026‘‘ کا آغاز 28 اگست سے ہوگا، جو ایک ماہ جاری رہنے کے بعد 28 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔

رواں سال منصوبے کی بین الاقوامی سرگرمیوں میں مزید توسیع کی گئی ہے، بیلاروس، ترکیہ، آرمینیا، بنگلہ دیش، مصر، بھارت، قازقستان، چین اور ازبکستان میں بھی شرکاء اور مراکز اس پروگرام کا حصہ بنیں گے۔

پریس ریلیز کے مطابق ’’ایٹمک ڈکٹیشن‘‘ روس کی جوہری صنعت سے وابستہ تنظیموں کی یونین ’’اٹامنئے گورودا‘‘ کا سالانہ بین الاقوامی تعلیمی منصوبہ ہے، جسے روس کی سرکاری ایٹمی کارپوریشن روس اٹام کی معاونت حاصل ہے۔

منصوبے کا مقصد شرکاء کو روسی جوہری صنعت کی تاریخ، کامیابیوں، ممتاز شخصیات اور جدید پیش رفت سے آگاہ کرنا ہے، ان موضوعات میں جوہری طب، ایٹمی توانائی، آرکٹک کی ترقی اور خلائی تحقیق سمیت جدید ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔

سال 2025 میں اس منصوبے کے بیرون ملک بالمشافہ مراکز بیلاروس، ہنگری اور ترکیہ میں قائم کیے گئے تھے جبکہ 2026 میں روس بھر میں 500 سے زائد مراکز پروگرام کا حصہ بنیں گے اور بین الاقوامی نیٹ ورک کو بھی مزید وسعت دی جائے گی۔

پروگرام کے سوالات جوہری سائنس کی تاریخ، روسی سائنس دانوں اور انجینئرز کی کامیابیوں، جدید ٹیکنالوجیز اور ان کے عملی استعمال سے متعلق ہوں گے، بعض سوالات ویڈیو فارمیٹ میں بھی پیش کیے جائیں گے، جن میں جوہری صنعت، سائنس، تعلیم، ثقافت، کھیل اور سماجی شعبوں سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔

بین الاقوامی شرکاء کے لیے ’’ایٹمک ڈکٹیشن 2026‘‘ انگریزی، فرانسیسی، چینی، ترکی اور عربی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا، پروگرام ہر عمر اور تعلیمی پس منظر رکھنے والے افراد کے لیے کھلا ہے اور اس میں شرکت کے لیے جوہری شعبے کی خصوصی تعلیم ضروری نہیں۔

شرکاء روس یا بیرون ملک قائم سرکاری مراکز میں بالمشافہ، جبکہ کمپیوٹر، اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے ذریعے آن لائن بھی پروگرام میں حصہ لے سکیں گے، پروگرام مکمل کرنے والے ہر شریک کو الیکٹرانک ڈپلومہ دیا جائے گا۔

’’ایٹمک ڈکٹیشن‘‘ کا آغاز 2021 میں ہوا تھا اور اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد افراد اس میں شرکت کرچکے ہیں جبکہ روس اور بیرون ملک تعلیمی اداروں، ثقافتی مراکز، صنعتی اداروں اور دیگر مقامات پر 300 سے زائد بالمشافہ پروگرام منعقد کیے جاچکے ہیں۔

’’ایٹمک ڈکٹیشن 2026‘‘ کا اختتام 28 ستمبر کو روس میں جوہری صنعت کے کارکنوں کے دن کے موقع پر ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...