اسرائیل کا مقبوضہ بیت المقدس میں برطانوی قونصل خانہ بند کرنے کا اعلان

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے برطانیہ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مصنوعات پر تجارتی پابندیاں عائد کرنے کے اعلان کے جواب میں مقبوضہ بیت المقدس میں برطانوی قونصل خانہ بند کرنے کا اعلان کردیا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سار نے کہا ہے کہ برطانوی پابندیوں کے جواب میں اسرائیل مقبوضہ بیت المقدس میں قائم برطانیہ کا قونصل خانہ بند کرے گا۔

گیڈون سار کے مطابق برطانیہ کو غزہ کے لیے امریکی قیادت میں کام کرنے والے رابطہ مشن میں حصہ لینے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز کو دی جانے والی برطانوی تربیت ختم کردی جائے گی، جبکہ بعض منتخب برطانوی عہدیداروں اور شہریوں کے اسرائیل میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔

برطانوی حکومت کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں قائم قونصل خانہ بیت المقدس، مغربی کنارے اور غزہ میں برطانوی حکومت کی نمائندگی کرتا ہے۔

اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی نے بھی برطانیہ کی جانب سے تجارتی پابندیوں کے اعلان سے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر برطانیہ نے پابندیاں عائد کیں تو امریکی ردعمل آئے گا اور امریکا کی متعدد ریاستوں میں برطانوی کاروبار پر بھی پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ برطانیہ، فرانس اور کینیڈا سمیت 12 ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مصنوعات پر تجارتی پابندیاں عائد کرنے یا ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حکومت کے اقدامات دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین، سویڈن اور برطانیہ نے بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی قرار دی گئی اسرائیلی بستیوں کے ساتھ تجارت پر قومی سطح پر پابندیاں عائد کرنے یا یورپی پابندیوں کی حمایت کا عزم ظاہر کیا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے دارالعوام میں خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے کی اسرائیلی بستیوں میں تیار ہونے والی اشیا پر تجارتی پابندی کا اعلان کیا۔

ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ برطانیہ اب ناانصافی پر محض آواز اٹھانے تک محدود نہیں رہ سکتا، بلکہ اسرائیلی بستیوں کی توسیع کی مخالفت میں عملی اقدام کا وقت آچکا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...