وزیراعظم آزادکشمیرکی فوڈ اتھارٹی کو کاغذی کارروائی کے بجائے عملی اقدامات کا حکم
مظفرآباد (محمد اسلم میر) وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے فوڈ اتھارٹی کو کاغذی کارروائی کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے مکمل طور پر فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بازاروں، دکانوں، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، بیکریوں، دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش کے مراکز کی باقاعدگی سے مؤثر چیکنگ کی جائے۔
افتخار گیلانی نے کہا عوام کی صحت سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملاوٹ، ناقص و مضر صحت اشیاء کی فروخت یا حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ فوڈ اتھارٹی کا وجود صرف فائلوں اور کاغذی کارروائی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کا ایکشن اور نتائج فیلڈ میں واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسی فعال اور متحرک فوڈ اتھارٹی چاہیے جو عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی طور پر کام کرے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم افتخار گیلانی نے محکمہ خوراک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں وزیراعظم کو ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی عبدالحمید کیانی نے محکمہ خوراک اور فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی، موجودہ نظام، چیکنگ کے طریقہ کار، فیلڈ مانیٹرنگ اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ، ناقص اور مضر صحت اشیاء کی فروخت اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی عوام کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فوڈ اتھارٹی کا چیکنگ اور مانیٹرنگ نظام محض رسمی کارروائی نہ بنے بلکہ فیلڈ میں اس کی کارکردگی نمایاں ہونی چاہیے، بازاروں اور تجارتی مراکز میں باقاعدہ معائنوں کا نظام مؤثر بنایا جائے اور خلاف ورزی سامنے آنے کی صورت میں قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے تاہم اس امر پر بھی زور دیا کہ تمام کارروائیاں قانون اور ضابطے کے مطابق کی جائیں اور کسی تاجر، دکاندار یا کاروباری شخص کے ساتھ بلاجواز زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آزادکشمیر میں فوڈ سیفٹی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تجربات اور فنی معاونت سے استفادہ کیا جائے، فوڈ اتھارٹی کی استعدادِ کار بڑھانے، جدید چیکنگ سہولیات کی فراہمی اور فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے مزید کہا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور حکومت محفوظ، معیاری اور صحت بخش اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید اور سیکرٹری خوراک شاہد ایوب و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments