آزاد کشمیر میں پنجاب طرز کا ’’ستھرا کشمیر‘‘ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
مظفرآباد: (محمد اسلم میر) آزاد کشمیر کی نئی حکومت نے اپنے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کے تحت پنجاب کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کی طرز پر ’’ستھرا کشمیر‘‘ پروگرام شروع کردیا ہے، جس کے تحت آزاد کشمیر بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا نظام نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری مقامی حکومت و دیہی ترقی ارشاد احمد قریشی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پروگرام پر عملدرآمد کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں بتایا گیا کہ نجی کمپنیوں سے صفائی کی خدمات کے حصول کے لیے ایک ہفتے کے اندر اخبارات میں اشتہارات جاری کیے جائیں گے، جبکہ حکومت اور سرکاری ادارے صفائی کی خدمات فراہم کرنے کے بجائے ریگولیٹر کا کردار ادا کریں گے۔
ارشاد احمد قریشی نے بتایا کہ ہر ضلع کی سطح پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا، معاہدوں کے بعد صفائی کے لیے درکار مشینری، گاڑیاں اور افرادی قوت بھی متعلقہ نجی شعبہ فراہم کرے گا۔
حکومت نے آزاد کشمیر میں صفائی کے نظام کو یکساں بنانے کے لیے مشینری اور سینٹری ورکرز کے لیے ایک ہی طرز کا یونیفارم مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جبکہ کوڑا کرکٹ جمع کرنے، منتقلی اور مناسب تلفی کے لیے جامع نظام تشکیل دیا جائے گا۔
سیکرٹری مقامی حکومت کے مطابق ’’ستھرا کشمیر‘‘ پروگرام کو صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ دیہی علاقوں کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے گا، گاؤں کی سطح پر گھروں سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے لیے منتخب بلدیاتی نمائندگان، یوتھ کونسلرز اور خواتین کونسلرز کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی منصوبے میں ’’ستھرا کشمیر‘‘ کے علاوہ گرین ایریاز کا قیام، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے نئی آپریشنل گاڑیوں کی خریداری، ماڈل ویلیجز کا قیام اور شہروں کی خوبصورتی کے لیے مختلف اقدامات بھی شامل ہیں۔
میئرز میونسپل کارپوریشنز مظفرآباد، کوٹلی، حویلی اور سدھنوتی نے ’’ستھرا کشمیر‘‘ پروگرام کو نئی حکومت کا قابلِ ستائش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام میونسپل کارپوریشنز سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
چیئرمین ضلع کونسل باغ اور نیلم ویلی نے دیہی علاقوں کو پروگرام میں شامل کرنے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اب شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کے لیے بھی بڑا چیلنج بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ صفائی مہم میں وارڈ کونسلرز، یوتھ اور خواتین کونسلرز سمیت تمام منتخب نمائندگان کو شریک کیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی طاہر اشرف، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اشفاق احمد نور اور دیگر افسران نے شرکت کی، شرکاء کو ویسٹ مینجمنٹ اور ماڈل ویلیجز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر بابر منہاس نے آزاد کشمیر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی موجودہ صورتحال، ماحول پر اس کے منفی اثرات، ’’ستھرا پنجاب‘‘ ماڈل اور جنوبی ایشیا میں نجی شعبے کے اشتراک سے رائج ویسٹ مینجمنٹ ماڈلز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments