پی ایم ڈی سی کا اہم فیصلہ، افغان طلبہ کو اپنے ملک جانے کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے افغان میڈیکل و ڈینٹل طلبہ سے متعلق اہم فیصلے کرتے ہوئے پاکستان میں پہلے سے زیرِ تعلیم افغان طلبہ کو افغانستان واپس جانے کی ہدایت کردی۔

پی ایم ڈی سی نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو افغان طلبہ کی واپسی کے لیے ضروری انتظامی کارروائی مکمل کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق متعلقہ ادارے افغان طلبہ کو مطلوبہ این او سی جاری کریں۔ موجودہ تعلیمی سیشن میں افغان شہریوں کو میڈیکل اور ڈینٹل پروگرامز میں داخلہ دینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ افغان شہریوں کو میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں پلیسمنٹ، ٹرانسفر یا مائیگریشن کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

دوسری جانب پی ایم ڈی سی نے میڈیکل و ڈینٹل اداروں کو ہدایت کی ہے کہ افغان شہریوں کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم نہ کی جائے اور سابقہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اِسی طرح جن اداروں نے تاحال تعمیلی رپورٹ جمع نہیں کرائی، انہیں 3 روز کے اندر مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کونسل نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے، معلومات چھپانے یا غیر مجاز سہولت کاری کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کے تحت ریگولیٹری کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...