لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ، غیر مجاز ایلوپیتھک علاج پر جرمانہ بحال

لاہور:( محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے غیر مجاز طور پر ایلوپیتھک علاج کرنے والے شخص پر عائد 3 لاکھ روپے جرمانہ بحال کر دیا۔

عدالت نے ڈسٹرکٹ جج فیصل آباد کی جانب سے جرمانہ ختم کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ڈسپنسر کا سرٹیفکیٹ کسی شخص کو آزادانہ طور پر ایلوپیتھک علاج کرنے کا اختیار نہیں دیتا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منور اقبال ڈوگر نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی درخواست پر10 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ہیئرنگ کمیٹی کو قانون کے تحت جرمانہ عائد کرنے کا اختیار حاصل ہے اور اس اختیار سے متعلق قوانین واضح ہیں۔

فیصلہ میں بتایا گیا کسی شخص کے پاس ڈسپنسر کا سرٹیفکیٹ ہونا اسے آزادانہ طور پر ایلوپیتھک علاج کرنے کا مجاز نہیں بناتا۔ اسی طرح ڈرگ سیل لائسنس بھی صرف ادویات فروخت کرنے کا اختیار دیتا ہے، اس لائسنس کی بنیاد پر کسی شخص کو مریضوں کو انجیکشن لگانے یا علاج کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہوتا۔

فیصلے کے مطابق متعلقہ شخص کے خلاف کارروائی کے دوران استعمال شدہ سرنجیں اور انجیکشنز برآمد ہوئے تھے جبکہ ملزم کی جانب سے انجیکشن لگانے کا اعتراف بھی ریکارڈ پر موجود تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ان شواہد کی موجودگی میں ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے کارروائی اور جرمانہ عائد کرنا قانون کے مطابق تھا۔

جسٹس منور اقبال دوگل نے فیصلے میں لکھا کہ غیر مجاز طبی علاج ثابت کرنے کے لیے ہر صورت مریض کو عدالت میں پیش کرنا یا مریض کا نسخہ برآمد ہونا لازمی نہیں۔ دستیاب دیگر شواہد اور ریکارڈ کی بنیاد پر بھی کارروائی کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ہیئرنگ کمیٹی جرمانہ عائد کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے اور متعلقہ قوانین کمیٹی کو یہ اختیار فراہم کرتے ہیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اگر جرمانے کی رقم بغیر کسی احتجاج کے جمع کرا دی جائے تو اس کے بعد جرمانے کے خلاف اپیل قابلِ سماعت نہیں رہتی۔

لاہور ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ جج فیصل آباد کا جرمانہ ختم کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے 22 جون 2021 کو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے جاری کیا گیا 3 لاکھ روپے جرمانے کا حکم بحال کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...