پلاسٹک کے کچرے سے بسکٹ بنانے کا تجربہ، سائنسدانوں کی نئی پیش رفت
واشگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست الینوائے کی سدرن الینوائے یونیورسٹی کے سائنسدان پلاسٹک کے کچرے کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کے لیے ایک منفرد تجربے پر کام کر رہے ہیں، جس کے تحت پلاسٹک سے حاصل ہونے والے اجزا کو مستقبل میں خوراک کی تیاری میں استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
محققین نے پلاسٹک کے ٹکڑوں کو براہِ راست خوراک میں شامل کرنے کے بجائے بیکر کے خمیر کی ایک حیاتیاتی طور پر تبدیل شدہ شکل تیار کی ہے، اس خمیر کا مقصد پلاسٹک کے کچرے کو چھوٹے اجزا میں توڑنا ہے تاکہ ان سے ایسے مادے حاصل کیے جا سکیں جو خوراک کی تیاری میں استعمال کے قابل ہوں۔
اسی تجربے کے تحت سائنس دانوں نے پلاسٹک کے کچرے سے حاصل کیے گئے مادے کی مدد سے بسکٹ بھی تیار کیے ہیں، اس منصوبے کویو بائٹس کا نام دیا گیا ہے، جو پلاسٹک کو توڑنے والے مائیکروبائٹس کے تصور سے ماخوذ ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق خلا میں طویل عرصے تک رہنے والے انسانوں کے لیے خوراک اور فضلے کا انتظام ایک اہم چیلنج ہے، زمین سے مسلسل خوراک اور دیگر ضروری سامان پہنچانا مشکل اور مہنگا ہو سکتا ہے، اس لیے ایسے نظام تیار کیے جا رہے ہیں جن کے ذریعے دستیاب وسائل کو زیادہ سے زیادہ دوبارہ استعمال کیا جا سکے۔
سدرن الینوائے یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر لہِرو جیاکوڈی کے مطابق اس منصوبے کے سامنے اب سب سے بڑا چیلنج ٹیکنالوجی تیار کرنا نہیں بلکہ عوام کو اسے قبول کرنے کے لیے تیار کرنا ہے، اگر مستقبل میں ایسی خوراک مارکیٹ میں آتی ہے تو صارفین کا اعتماد اور اسے کھانے پر آمادگی انتہائی اہم ہوگی۔
محققین اس بات پر بھی کام کر رہے ہیں کہ تیار ہونے والی خوراک کا ذائقہ، خوشبو اور مجموعی معیار صارفین کے لیے قابلِ قبول ہو، اسی سلسلے میں ترکیب میں بیکر کا خمیر اور ونیلا جیسے ذائقے شامل کرنے پر تجربات کیے جا رہے ہیں۔
تاہم سائنسدانوں کے مطابق پلاسٹک کو قابلِ استعمال مادے میں تبدیل کرنے کا عمل کامیاب ثابت ہونا ہی کافی نہیں، عام صارفین کے لیے ایسی خوراک کی دستیابی سے قبل اس کی حفاظت، غذائی افادیت اور معیار سے متعلق مزید سائنسی تحقیق اور ضروری ضوابط کی تکمیل درکار ہوگی۔
محققین کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کی تیاری کے ساتھ عوام میں آگاہی بھی ضروری ہے، مستقبل میں اگر پلاسٹک سے تیار کردہ خوراک کو معاشرے میں متعارف کرانا ہے تو لوگوں کو اس عمل، اس کی افادیت اور حفاظتی پہلوؤں سے آگاہ کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments