پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے بڑھنے لگا: سٹیٹ بینک
کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک نے سالانہ پیمنٹ سسٹمز ریویو رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے بڑھنے لگا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025-26 میں ریٹیل ادائیگیوں کے حجم میں 58 فیصد اضافہ ہوا، ریٹیل ادائیگیوں کی مالیت 673 کھرب روپے ریکارڈ کی گئی۔
مالی سال 2025-26 میں رسمی بینکنگ چینلز سے 14.3 ارب ریٹیل ٹرانزیکشنز ہوئیں، جن میں سے 13.2 ارب ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے ہوئیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں کے حجم میں سالانہ بنیاد پر 65 فیصد اضافہ ہوا، مجموعی ریٹیل ادائیگیوں میں ڈیجیٹل چینلز کا حصہ 92 فیصد تک پہنچ گیا، مالی سال 2025 میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا حصہ 88 فیصد تھا۔
موبائل فون پر مبنی ادائیگیوں کی تعداد 11.1 ارب سے تجاوز کرگئی، موبائل فون پر مبنی ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز میں 79 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے 30 کروڑ ٹرانزیکشنز ہوئیں، انٹرنیٹ بینکنگ ٹرانزیکشنز میں سالانہ 15 فیصد اضافہ ہوا۔
ملک بھر میں پی او ایس ٹرمینلز کی تعداد 3 لاکھ 37 ہزار 791 ہوگئی، پی او ایس ٹرمینلز 2 لاکھ 95 ہزار 367 مرچنٹ مقامات پر نصب ہیں۔
پی او ایس کے ذریعے روزانہ تقریباً 15 لاکھ کارڈ ادائیگیاں ہونے لگیں، گزشتہ مالی سال روزانہ تقریباً 10 لاکھ کارڈ ادائیگیاں ریکارڈ ہوئی تھیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق بینکنگ چینلز سے ای کامرس ادائیگیوں میں اکاؤنٹ ادائیگیوں کا حصہ 96 فیصد رہا۔
برانچ لیس بینکنگ موبائل ایپ صارفین کی تعداد 9 کروڑ 91 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ بینکوں کی موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 3 کروڑ 4 لاکھ ہوگئی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق روزمرہ بینکنگ سرگرمیوں میں اسمارٹ فونز کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments