پاکستان اورعمان کے مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے ملاقات کی۔

عمان کے وزیر خارجہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے جس میں پاکستان اور عمان کے دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ہمراہ پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے 8ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ مذہب، جغرافیائی قربت، تاریخ، ثقافت اور صدیوں پر محیط عوامی روابط دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی مضبوط بنیاد ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عمان کو ایک برادر ملک، اہم بحری ہمسایہ اور خطے میں قابل قدر شراکت دار سمجھتا ہے۔

انہوں نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے 8ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرےگا۔

 شہباز شریف نے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان اور عمان کے مؤقف میں مکمل ہم آہنگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر مبنی عمان کے اصولی مؤقف کو سراہا۔

اس موقع پرعمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے 8ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ اس سے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور باہمی مفادات کے حصول کی راہ ہموار ہوگی۔

عمان کے وزیر خارجہ نے علاقائی کشیدگی میں کمی اور مسائل کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو بھی سراہا، بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے 8ویں اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ذرائع ابلاغ کے شعبے میں تعاون، خبروں اور معلومات کے تبادلے، تاریخی دستاویزات کی تیاری اور انہیں محفوظ رکھنے، ابلاغیات و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سفارتی و سرکاری سطح پر وفود کے تبادلوں میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...