خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی ترقیاتی کونسل کے ارکان کے انتخاب کا آغاز

پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں نئے انتظامی نظام کے تحت علاقائی ترقیاتی کونسل کے ارکان کے انتخاب کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں 14 اکتوبر کو شمالی وزیرستان، خیبر، بنوں اور ٹل (کرم) میں جرگوں کے ذریعے مشاورتی عمل کا آغاز کیا گیا ہے جب کہ آئندہ دو روز کے دوران دیگر متعلقہ اضلاع میں بھی یہ عمل دہرایا جائے گا۔

نئے انتظامی نظام کے تحت باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت اور بنوں کے مقامی افراد جرگہ نظام کے ذریعے علاقائی ترقیاتی کونسل کے ارکان کا انتخاب کریں گے۔

کونسل کے ارکان کے انتخاب میں مقامی آبادی کی خواہشات، قبائلی روایات اور باہمی مشاورت کو مدنظر رکھا جا رہا ہے، اس عمل کا مقصد مقامی عمائدین کو نمائندگی فراہم کرنا اور علاقے کے مسائل، ضروریات اور ترقیاتی ترجیحات کو مؤثر انداز میں متعلقہ حکام تک پہنچانا ہے۔

اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شمالی وزیرستان، خیبر، بنوں اور ٹل میں ملک و مشران، علماء کرام، قبائلی عمائدین اور تاجروں کے ساتھ جرگے منعقد کیے گئے۔

ان اجلاسوں میں امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی، عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر تبادلۂ خیال کیا گیا جب کہ مقامی سطح پر درپیش مسائل کے حل کے لیے تجاویز بھی زیرِ غور آئیں۔

متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ انتخابی عمل میں معاونت فراہم کر رہے ہیں، مختلف علاقوں میں جرگوں کے انعقاد اور مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے، جو تمام متعلقہ اضلاع سے کونسل کے ارکان کے انتخاب کی تکمیل تک جاری رہے گا۔

جرگوں میں شریک ملک و مشران نے نئے انتظامی نظام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری اداروں اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھنے، عوامی مسائل کے حل میں مثبت کردار ادا کرنے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس نظام کو مقامی روایات اور اجتماعی مشاورت کو انتظامی و ترقیاتی عمل سے منسلک کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مقامی آبادی کی نمائندگی کو مؤثر بنانا اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں عوامی ضروریات کو اہمیت دینا ہے۔

انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ہر ضلع سے دو قبائلی عمائدین یا ملک منتخب کیے جائیں گے جب کہ 12 اضلاع کی نمائندگی پر مشتمل علاقائی ترقیاتی کونسل تشکیل دی جائے گی۔

کونسل کا بنیادی مقصد مقامی آبادی کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی، عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز مرتب کرنا اور انتظامی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کو بہتر بنانا ہے۔

حکام اور متعلقہ حلقوں کی مشاورت سے جاری اس عمل کے ذریعے مقامی عمائدین کو فیصلہ سازی اور ترقیاتی ترجیحات کے تعین میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ تمام اضلاع میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد علاقائی ترقیاتی کونسل اپنی تشکیل کے مطابق کام شروع کر سکے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...