وزیراعظم شہباز شریف کی ترک حکومت اور عوام کو 103ویں سالگرہ کی مبارکباد
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی 103ویں سالگرہ پر ترک حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ ایک مضبوط عالمی قوت بن کر ابھرا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 29 اکتوبر 1923 کو مصطفیٰ کمال پاشا کی قیادت میں جمہوریہ ترکیہ کی بنیاد رکھی گئی۔ آج ترکیہ معیشت، دفاعی ٹیکنالوجی اور جدید بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم مقام رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کی ایک لازوال تاریخ ہے۔ تحریکِ خلافت کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے ترک بھائیوں کی حمایت کی، جبکہ ترکیہ نے بھی ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔
وزیراعظم کے مطابق 2005 کے زلزلے کے بعد ترکیہ پاکستان کی مدد کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔ 2010 کے تباہ کن سیلاب کے دوران صدر طیب اردوان نے پاکستان کا دورہ کیا، جبکہ ترکیہ نے مظفرگڑھ میں جدید اسپتال قائم کرنے اور متاثرین کو سہولتیں فراہم کرنے میں بھی تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران ترکیہ کی حمایت پاکستانی عوام کے لیے حوصلے کا باعث بنی۔ پاکستان ترکیہ کی مخلصانہ حمایت کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ایک اہم سنگِ میل ہے، جو مشترکہ صلاحیتوں اور علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
شہباز شریف نے پاک ترکیہ اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں طیب اردوان خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں دستیاب معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments