امریکی فوجی اڈوں پر فریزرز کی خرابی سائبر حملہ قرار، تحقیقات شروع
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی فوج نے ملک بھر میں فوجی اڈوں پر فریزرز کی پراسرار خرابی کے واقعات کو ممکنہ سائبر حملہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اگست میں پیش آنے والے واقعات کے نتیجے میں کم از کم چھ فوجی اڈوں کے سٹورز میں خوراک خراب ہو گئی تھی، تحقیق سے واقف چار امریکی حکام کے مطابق پینٹاگون اس معاملے کو ممکنہ ہیکنگ کے طور پر دیکھ رہا ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ امریکی فوجی تفتیش کار فرانس کے حکام سے بھی رابطے میں ہیں جہاں رواں ماہ سپر مارکیٹوں کے کمرشل فریزرز پر اسی نوعیت کے سائبر حملے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق بعض امریکی فوجی اڈوں پر فریزر محض بند نہیں ہوئے بلکہ ان کے کولنگ سسٹم کا درجہ حرارت رات کے وقت بڑھا دیا گیا جس سے صبح تک خوراک پگھل کر خراب ہو چکی تھی۔
ایریزونا کے فورٹ ہواچوکا فوجی اڈے نے 26 اگست کو سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ اس کا فریزر ڈی فراسٹ موڈ میں چلا گیا، جس کے باعث خوراک گرم ہو کر خراب ہو گئی۔
پنٹاگون نے تحقیقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا، تاہم کہا کہ امریکی سائبر کمانڈ کا ایک یونٹ متعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments