یو اے ای فلیگ ڈے پر دبئی میں مختلف ممالک کی سفارتی شخصیات کا اجتماع، اتحاد و یکجہتی کا پیغام
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے فلیگ ڈے کے موقع پر دبئی میں ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انڈونیشیا، فلپائن اور بلغاریہ کے قونصل جنرلز، اماراتی شہریوں، پاکستانی کاروباری شخصیات اور مختلف ممالک کی کمیونٹی نمائندوں نے شرکت کی۔
شرکا نے امارات کے قومی پرچم سے محبت اور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔
تقریب کا اہتمام معروف پاکستانی کاروباری رہنما ڈاکٹر ظفر طاہر کی میزبانی میں وسٹا میری ٹائم ٹریول اینڈ ٹورازم کی جانب سے کیا گیا، تقریب میں تین ممالک کے قونصل جنرلز نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈاکٹر نعمت سمیت متعدد معزز اماراتی شخصیات بھی موجود تھیں۔
مختلف قومیتوں کے نمائندوں کی شرکت نے متحدہ عرب امارات کی کثیرالثقافتی معاشرت، رواداری اور بین الاقوامی دوستی کی روایت کو نمایاں کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کاروباری رہنما ڈاکٹر ظفر طاہر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اپنی دوراندیش قیادت کی بدولت مختصر عرصے میں ترقی کی ایسی مثال قائم کی ہے جو دنیا بھر کیلئے قابلِ تقلید ہے۔
انہوں نے کہا کہ امارات امن، رواداری اور بھائی چارے کا گہوارہ ہے، جہاں مختلف قومیتوں کے افراد باہمی احترام کے ساتھ رہتے اور کام کرتے ہیں، فلیگ ڈے قومی اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے اور یہاں مقیم پاکستانیوں سمیت تمام کمیونٹیز کو اس ملک کی کامیابیوں پر فخر ہے۔
تقریب میں شریک قونصل جنرلز نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو فلیگ ڈے کی مبارکباد پیش کی اور اپنے ممالک کے ساتھ امارات کے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دوستانہ تعلقات کو سراہا، انہوں نے مختلف قومیتوں کے درمیان تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو اہم قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر منتظمین نے تمام سفارتی نمائندوں، اماراتی شخصیات اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، شرکا نے فلیگ ڈے کی اس تقریب کو مختلف کمیونٹیز کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ محبت و یکجہتی کے اظہار کا اہم موقع قرار دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments