سفیر فیصل نیاز ترمذی کی روس میں لینن گراڈ کے گورنر سے ملاقات، علاقائی تعاون بڑھانے پر اتفاق
سینٹ پیٹرزبرگ: (شاہد گھمن) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے لینن گراڈ ریجن کے گورنر الیگزینڈر دروزدینکو سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات کو علاقائی سطح پر عملی اقتصادی، تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون میں تبدیل کرنے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر الیگزینڈر دروزدینکو نے پاکستانی سفیر کا خیرمقدم کیا اور انہیں لینن گراڈ ریجن کی اقتصادی صلاحیتوں، صنعتی ترقی، زرعی پیداوار اور بحیرہ بالٹک کی اہم بندرگاہوں تک رسائی کے بارے میں آگاہ کیا۔
گورنر نے خطے کی مضبوط صنعتی بنیاد اور زرعی شعبے کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔
پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ روس کے مختلف علاقوں کے ساتھ براہ راست روابط پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور بامقصد بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان روسی مصنوعات کے لیے ایک اہم اور وسیع منڈی بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ پاکستان ٹیکسٹائل مصنوعات، زرعی اجناس، ادویات اور جراحی آلات سمیت مختلف شعبوں میں معیاری مصنوعات فراہم کر سکتا ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان لاجسٹکس، صنعتی شراکت داری، کاروباری اداروں کے براہ راست روابط اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو صرف درآمدات اور برآمدات یا تجارتی حجم تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ دونوں ممالک کے تعلیمی، تحقیقی، ثقافتی اور سماجی اداروں کے درمیان بھی مستقل روابط قائم ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان روسی یونیورسٹیوں، تحقیقی اداروں اور ثقافتی تنظیموں کے ساتھ تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے اداروں اور عوام کے درمیان دیرپا تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران سیاحت کے شعبے میں تعاون اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں لینن گراڈ ریجن کے نائب گورنر یاروسلاو سیروف، کمیٹی برائے خارجہ تعلقات کی چیئرپرسن اناستاسیا میخالچینکو اور سینٹ پیٹرزبرگ میں روسی وزارت خارجہ کے نمائندہ دفتر کے قائم مقام نائب نمائندے الیگزینڈر اگافونوف بھی شریک تھے۔
ملاقات میں شریک حکام نے پاکستان اور لینن گراڈ ریجن کے درمیان باقاعدہ رابطوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے عملی مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقوں نے مستقبل میں باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی، کاروباری و ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے اور مسلسل مذاکرات جاری رکھنے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی اور علاقائی شراکت داری کو وسعت دینے کی سفارتی کوششوں کا حصہ ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے مختلف علاقوں، کاروباری اداروں، یونیورسٹیوں اور تحقیقی مراکز کے درمیان براہ راست تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments