یوریشیا میں سلامتی کا نیا نظام قائم کرنا ضروری ہے، روسی وزیر خارجہ

ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یوریشیا میں مساوات اور ناقابل تقسیم سلامتی کے اصولوں پر مبنی ایک نیا علاقائی سلامتی نظام تشکیل دینا ضروری ہے، جس میں براعظم کے تمام ممالک کو برابری کی بنیاد پر تعمیری تعاون کے مواقع حاصل ہوں۔

روسی وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار 10 نومبر کو ماسکو میں اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل، وزرائے دفاع کی کونسل اور سلامتی کونسلوں کے سیکریٹریوں کی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سرگئی لاوروف نے اجلاس کے شرکاء کو ماسکو آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ روس رواں سال تنظیم کی صدارت کررہا ہے اور اسی تناظر میں آج کے مشترکہ اجلاس کی کامیابی کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، روس ایک آزاد، کثیر قطبی اور جمہوری عالمی نظام کے قیام اور اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ تعاون بڑھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس نے اپنی صدارت کے دوران تنظیم کی اجتماعی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے اور قریبی اتحادی ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے اسی روز منعقد ہونے والے بین الاقوامی اجتماعی سلامتی فورم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فورم میں شریک وزراء کے درمیان کھل کر پیشہ ورانہ انداز میں تبادلہ خیال ہوا، جس کے بعد ماہرین کی سطح پر بھی بات چیت جاری رہے گی۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس بین الاقوامی فورم کے نتائج ایک آزاد، کثیر قطبی اور جمہوری عالمی نظام کی تشکیل میں مفید کردار ادا کریں گے۔

سرگئی لاوروف کے مطابق اس مقصد کے حصول کے لیے مشترکہ براعظم یوریشیا میں سلامتی کا ایسا نیا ڈھانچہ تشکیل دینا ہوگا جو مساوات اور ناقابل تقسیم سلامتی کے اصولوں پر قائم ہو اور ان تمام ممالک کے لیے کھلا ہو جو برابری اور تعمیری تعاون کی بنیاد پر اس عمل میں شریک ہونا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس کی صدارت کے دوران اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم کے رکن ممالک کی خارجہ پالیسیوں میں زیادہ ہم آہنگی پیدا کرنے، روایتی اور نئے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے اور تنظیم کی سلامتی سے متعلق صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ 11 نومبر کو اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم کی اجتماعی سلامتی کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں رکن ممالک کے سربراہان رواں سال کے دوران ہونے والے مشترکہ کام اور تعاون کے نتائج کا جائزہ لیں گے۔

سرگئی لاوروف نے کہا کہ اگرچہ تنظیم کے سربراہان آئندہ اجلاس میں سال بھر کی سرگرمیوں کا باضابطہ جائزہ لیں گے، تاہم یہ بات ابھی سے کہی جاسکتی ہے کہ رواں سال اتحادی ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے نتیجہ خیز ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم کو علاقائی سلامتی یقینی بنانے والے ایک اہم ادارے کے طور پر مزید مضبوط کرنے کے لیے نمایاں کوششیں کی گئی ہیں۔

روسی وزیر خارجہ کے مطابق یہ اقدامات ان ترجیحات کے مطابق کیے گئے ہیں جو روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے رواں سال اجتماعی سلامتی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے رکن ممالک کی حمایت کے ساتھ طے کی تھیں۔

سرگئی لاوروف نے بتایا کہ 10 نومبر کے مشترکہ اجلاس میں اہم دستاویزات کا ایک جامع پیکیج زیرِ غور ہے اور متعدد اہم فیصلوں کے مسودے تیار کیے گئے ہیں، جنہیں 11 نومبر کو سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں غور اور منظوری کے لیے پیش کیا جانا ہے۔

انہوں نے روس کی صدارت کے مقاصد کے حصول میں مسلسل تعاون فراہم کرنے پر اتحادی ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کو مضبوط بنانے اور مشترکہ سلامتی کے اقدامات تمام رکن ممالک کے مفادات کے مطابق ہیں۔

واضح رہے کہ اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور آرمینیا پر مشتمل علاقائی سلامتی اتحاد ہے۔ آرمینیا نے تنظیم کی سرگرمیوں میں اپنی شرکت معطل کر رکھی ہے۔

ماسکو میں 10 نومبر کے مشترکہ اجلاس میں تنظیم کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور سلامتی کونسلوں کے سیکریٹریوں کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد 11 نومبر کو سربراہان کی سطح پر اہم مسودہ فیصلوں پر غور کیا جانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...