بشریٰ بی بی کی ہسپتال منتقل کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے جیل ملاقات کے بعد بڑی پیش رفت سامنے آگئی، بشریٰ بی بی کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
بشریٰ بی بی نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا جائے، طبی اور سرجری کے لیے تمام سہولیات بروقت فراہم کی جائیں، ضروری نگہداشت و علاج کی غرض سے فوری طور پر کسی مستند سپیشلائزڈ ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔
درخواست گزار کے مطابق 10 نومبر کی ملاقات میں بانی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی سنگینی سے متعلق بتایا، بشری بی بی نے 15 نومبر کو ممکنہ آنکھ کی سرجری سے متعلق بھی آگاہ کیا، بشری بی بی کو دیکھنے میں مشکلات کا سامنا تھا، بشری بی بی کو آنکھ میں تکلیف کا بھی سامنا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ آنکھوں میں تکلیف میں شکایت کے سات سے آٹھ دن بعد جیل میں ڈاکٹر نے طبی معائنہ کیا، بشریٰ بی بی کے مطابق ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کی کرٹیکل سرجری ہوگی، بشریٰ بی بی کو بتایا گیا کہ سرجری سے آنکھ کی بینائی جا سکتی ہے۔
درخواست کے ساتھ 11 نومبر 2026 کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی۔
عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بشریٰ بی بی کی بائیں اور دائیں آنکھ میں موتیے کی تشخیص ہوئی ہے، جیل حکام کے مطابق ان کا آپریشن 15 نومبر 2026 کو متوقع ہے، بشریٰ بی بی نے ملاقات کے دوران انکشاف کیا کہ ان کی بینائی شدید متاثر ہے اور عینک کے بغیر دیکھنے سے قاصر ہیں، عینک کے ساتھ بھی سامنے بیٹھے افراد کو صرف ایک سیاہ شکل کے طور پر دیکھ سکتی ہیں۔
درخواست میں موقف اپنایا کہ آنکھوں میں شدید درد کے باعث وہ روزانہ پیناڈول اور ٹونوفلیکس کی دو گولیاں لے رہی ہیں، جیل حکام کو شکایت کے باوجود ماہر ڈاکٹرز 7 سے 8 دن بعد معائنے کے لیے آئے، جیل کے جس بڑے ہال نما کمرے میں وہ قید ہیں وہاں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہیں، بشریٰ بی بی کے کمرے میں حشرات، کاکروچ، اور سنڈیاں موجود ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق ماضی میں کمرے سے 7 چھوٹے سانپ نکلنے کے بعد وہ حصے سیمنٹ سے بند کیے گئے، جیل میں دستیاب ڈیوٹی ڈاکٹر گائناکالوجسٹ ہیں نہ کہ آئی سپیشلسٹ، ناقص صفائی و حشرات کے کاٹنے کے خطرے کے پیشِ نظر آپریشن کے بعد انفیکشن سے مستقل بینائی جانے کا شدید خطرہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments