بانی پی ٹی آئی کا چیف جسٹس صاحبان کو خط این آر او کی درخواست ہے: طارق فضل چوہدری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل سے چیف جسٹس صاحبان کو جو خط لکھا ہے وہ حقائق کے منافی ہے، یہ خط دراصل این آر او کی درخواست ہے، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلبگار ہیں۔

پارلیمنٹ چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے، وہ سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں بلکہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد قید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے لیکن ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے، اس کے بدلے ملک ریاض نے بانی پی ٹی آئی کو ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں دی۔ ان کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس واضح اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں، بانی پی ٹی آئی کی 22 گھنٹے قید تنہائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی عدم دستیابی سے متعلق دعوے بھی درست نہیں، انہیں جیل میں تمام سہولتیں فراہم ہیں اور ان کی پسند کا کھانا بھی دیا جاتا ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں، ان کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے بھی درست نہیں۔ ان کی صحت کا ہفتہ وار بنیاد پر طبی ماہرین جائزہ لیتے اور معائنہ کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ طبی ماہرین کی ضرورت پر بانی پی ٹی آئی کا جیل سے باہر بہترین طبی سہولت میں معائنہ کرایا جاتا ہے، انہیں آٹھ مرتبہ پمز میں معائنے کے لیے لے جایا گیا جہاں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی گئیں، ڈاکٹروں نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا۔

وفاقی وزیر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر کے معائنے کے لیے لندن سے ایسے ڈاکٹر کو بھی بلایا گیا جو پاکستان میں بھی پریکٹس کرتے ہیں، ان کا بلڈ پریشر تسلی بخش ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولتوں، طبی دیکھ بھال اور صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت نے ان کی دیکھ بھال میں پہلے غفلت برتی اور نہ آئندہ کسی غفلت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...