واٹس ایپ اسٹیٹس میں نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری، لوکیشن شیئرنگ آسان
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش کر رہا ہے، جس کے ذریعے اب اسٹیٹس پر براہِ راست اپنی لوکیشن شیئر کرنا ممکن ہوگا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا اِنفو کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئے فیچر کے تحت واٹس ایپ کے اپ ڈیٹس ٹیب میں لوکیشن کا آپشن فراہم کیا جائے گا۔ صارفین واٹس ایپ کو لوکیشن تک رسائی دینے کے بعد اپنی موجودہ لوکیشن اسٹیٹس پر شیئر کرسکیں گے، تاہم اسے پوسٹ کرنے سے پہلے صارف کی منظوری ضروری ہوگی۔
صارفین اپنی موجودہ لوکیشن کے بجائے کسی دوسری جگہ کا انتخاب کرکے بھی اسے اسٹیٹس پر شیئر کرسکیں گے۔
نئے فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ لوکیشن شیئر کرنے کے لیے کسی تصویر یا ویڈیو کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ دیگر صارفین کو گرین پن کے ساتھ میپ کارڈ نظر آئے گا، جس پر کلک کرکے لوکیشن کی تفصیلات دیکھی جاسکیں گی۔
رپورٹ کے مطابق جو صارفین اپنی بالکل درست لوکیشن شیئر نہیں کرنا چاہتے، وہ موبائل کی سیٹنگز میں جاکر اندازاً لوکیشن (اپروکسی میٹ لوکیشن) شیئر کرنے کا آپشن فعال کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ فی الحال یہ فیچر آزمائشی مراحل میں ہے اور اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments