ایم کیو ایم پاکستان کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے پھر استعفے کا مطالبہ
کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ 10 سال سے وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز مراد علی شاہ صوبے کے انتظامی اور مالی امور چلانے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی مبینہ بے حسی کے باعث اندرون سندھ 48 فیصد بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما عمر کے مطابق نہیں ہورہی، بیشتر اضلاع میں سکول سے باہر بچوں کا تناسب 44 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اپریل 2026ء تک سندھ میں 6 ہزار بچے ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہوچکے ہیں، پیپلز پارٹی کے حکمران کراچی کی پانی کی لائنوں سے پانی چوری کرکے شہریوں کو ٹینکرز کے ذریعے فروخت کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک روکنے میں ناکامی پر پیپلز پارٹی حواس کھو بیٹھی ہے، نئے صوبوں کی تشکیل سے پیپلز پارٹی کو سالانہ سوا 2 ہزار ارب روپے ہاتھ سے نکل جانے اور وفاق میں حکومتی باری نہ لگنے کا خوف ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے خلاف پیپلز پارٹی کی کوئی سازش اور جھوٹا پروپیگنڈا انہیں نئے صوبوں کی حمایت سے دستبردار نہیں کرسکتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments