عدالت کا 15 روز میں نادرا ای بیلٹنگ کا عمل مکمل کرنے کا حکم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر سی ڈی اے حکام کے خلاف توہین عدالت کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پندرہ روز میں نادرا ای بیلٹنگ کا عمل مکمل کرنے کا حکم دیا، تعمیل نہ ہونے پر چیئرمین سی ڈی اے کی ذاتی حیثیت میں طلبی ہوگی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری محمد شریف کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے کو 15 روز میں نادرا ای بیلٹنگ اور پالیسی کے تحت بیلٹنگ مکمل کرنے کا حکم دیا، عملدرآمد نہ ہونے پر چیئرمین سی ڈی اے کو ذاتی پیشی پر وضاحت دینا ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ سی ڈی اے وکیل کا 29 جنوری 2026 کو ایک ماہ میں درخواستوں پر غور اور نادرا ای بیلٹنگ میں شامل کرنے کا بیان دیا گیا تھا، 29 جنوری 2026 کے بیان پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی گئی تھی، سی ڈی اے کے وکیل کے مطابق معاملے کے بعض پہلوؤں کی وضاحت درکار ہے اور اتھارٹی مزید مواد عدالت میں پیش کرے گی۔
حکم نامے میں کہا کہ درخواست گزاروں کے وکیل نے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ اینڈ ری ہیبلیٹیشن سی ڈی اے کا 26 جنوری 2026 کا خط عدالت میں پیش کیا، خط کے مطابق ممبر اسٹیٹ اور ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے کی منظوری سے ایک ماہ میں نادرا بیلٹنگ سے پلاٹ الاٹمنٹ کا فیصلہ ہوا تھا، مجاز اتھارٹی کی منظوری کے باعث سی ڈی اے اپنے فیصلے پر عمل کی پابند ہے۔
سی ڈی اے وکیل کاشف ملک جبکہ درخواست گزار وکیل حسنین حیدر تھہیم نے کیس کی پیروی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments