شمالی وزیرستان میں فورسز کا کامیاب سرچ آپریشن، بارودی مواد کا بڑا ٹھکانہ تباہ

شمالی وزیرستان: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے جاری ہے، بارودی مواد کا بڑا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق میرعلی میں کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کا بارودی مواد تیار کرنے کا بڑا ٹھکانہ پکڑ لیا، فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے رہائشی مکانات میں دھماکا خیزمواد کی لیب بنا رکھی تھی جو سیکیورٹی فورسز نے پکڑلی۔

بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی فیکٹری سے بھاری مقدارمیں آئی ای ڈیز، کواڈ کاپٹر اور دھماکہ خیزمواد تیار کرنے کا لٹریچر بھی برآمد کیا گیا، آبادی کے درمیان دھماکا خیز مواد کی لیبز بنانا دہشت گردوں کی وہ مجرمانہ روش ہے جو معصوم جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے۔

میرعلی میں سکیورٹی فورسز کے حالیہ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے جاچکے ہیں، میرعلی سے کواڈ کاپٹرز اوربارودی مواد کی برآمدگی ثابت کرتی ہے کہ دہشت گردوں کے تانے بانے سرحد پار سے جڑے ہیں۔

سکیورٹی فورسز خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...