ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ برابر
موکی: (دنیا نیوز) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ برابر ہوگیا۔
چین کے شہر موکی میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہوگیا، پہلے روز پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا، دونوں ٹیموں نے دو، دو گول سکور کئے۔
قومی ٹیم کو پہلے ہاف میں سفیان خان نے پہلا گول داغ کر حریف ٹیم کے خلاف ایک صفر کی برتری دلا دی تھی۔
دوسرے ہاف میں ملائیشیا نے اس برتری کو ختم کر دیا تاہم کچھ دیر بعد احمد ندیم نے پاکستان کی جانب سے دوسرا گول کر کے قومی ٹیم کو پھر برتری دلا دی، میچ کے آخری لمحات میں ملائیشیا کی جانب سے دوسرا گول کر کے میچ کو دوبارہ برابر کر دیا گیا اور اس کے بعد کوئی بھی ٹیم دوسرے پر سبقت نہ لے سکی۔
قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا میچ کل کوریا کے خلاف کھیلے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان سمیت 6 ٹیمیں شریک ہیں، میگا ایونٹ میں بھارتی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، روایتی حریف پاک بھارت ٹاکرا 14 ستمبر کو ہوگا۔