باکسر محمد وسیم نے تھائی لینڈ میں ہونیوالی فائٹس کو فراڈ قرار دیدیا

کراچی: (دنیا نیوز) قومی باکسر محمد وسیم نے تھائی لینڈ میں ہونیوالی پروفیشنل فائٹس کو فراڈ قرار دیدیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی باکسر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ بھارتی باکسرز سے فائٹ سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے لڑی جاتی ہیں، ہمارے باکسرز وہاں 1500 ڈالرز دے کر فائٹ کرتے ہیں، جو تھائی لینڈ میں باکسنگ لڑتے ہیں انہوں نے کبھی نیشنل چیمپئن شپ میں برانز میڈل بھی نہیں جیتا، تھائی لینڈ میں باکسنگ کرنے والوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مالٹا میں میری فائٹ کو یقینی بنانے میں گورنر سندھ کا بڑا کردار ہے، بلوچستان کے سینیٹر ارباب عمر فاروق کی بھی کوششیں شامل ہیں، پاکستان آرمی نے بھی مجھے بہت سپورٹ کیا، میں بہت مشکل حالات میں مالٹا پہنچا تھا۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ مالٹا میں میں نے ٹریننگ کئے بغیر فائٹ لڑی اور کامیاب رہا، ہر فائٹ سے قبل میں سکاٹ لینڈ میں آٹھ ہفتوں کا تربیتی کیمپ کرتا ہوں، میں نے ڈھائی سال بعد فائٹ لڑی اور کم بیک کیا، پاکستان کا واحد باکسر ہوں جو پچھلے آٹھ سال سے چیمپئن ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری ورلڈ ٹائٹل فائٹ دسمبر میں یورپ یا پاکستان میں ہوگی، کوشش ہوگی کہ یہ فائٹ میں پاکستان میں کراچی میں لڑوں، میں دو مرتبہ کا کامن ویلتھ گولڈ میڈلسٹ ہوں، ایشین چیمپئن اور ورلڈ کمپیکٹ گولڈ میڈلسٹ ہوں، حکومت سے گزارش ہے مجھے سپورٹ کیا جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں