ایشان کشن اچھا کھیلے، وہ ہم سے میچ لے گئے: ہیڈ کوچ مائیک ہیسن
کولمبو: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ایشان کشن نے اچھی اننگز کھیلی اور ہم سے میچ دور لے گئے۔
بھارت کے خلاف میچ کے بعد کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ہماری ابتدائی وکٹیں جلدی گریں، پارٹنرشپ قائم نہیں ہو سکی، دوسری اننگز میں گیند پہلی اننگز کے مقابلے میں زیادہ سلپ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عثمان طارق کا یہی رول ہے اور انہیں صحیح وقت پر لایا گیا تھا، میچ میں ہم نے بیٹنگ اچھی نہیں کی، ایشان کشن نے ہمارے سپنرز پر دباؤ ڈالا، پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ درست تھا۔
مائیک ہیسن کا مزید کہنا تھا کہ ہم 2 مہینے سے اچھا کھیل رہے تھے لیکن آج پیچھے چلے گئے، بھارت نے ہمیں آؤٹ کلاس کر دیا، اس کارکردگی کے بعد ڈریسنگ روم میں سب مایوس ہیں، ٹورنامنٹ میں آگے جانے کیلئے ہمیں بہتر کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026ء میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سپر 8 مرحلے میں کوالیفائی کرنے کیلئے پاکستان کو اب اپنا آخری گروپ میچ لازمی جیتنا ہوگا، نمیبیا نے اگر اپ سیٹ کر دیا تو پاکستان سپر 8 کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔