آئرلینڈ نے افغانستان کے خلاف سیریز سے قبل جوناتھن ٹراٹ کی خدمات حاصل کر لیں
لاہور: (ویب ڈیسک) کرکٹ آئرلینڈ نے افغانستان کے سابق ہیڈ کوچ جوناتھن ٹراٹ کو افغانستان کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے مختصر مدت کے لیے کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا۔
کرکٹ آئرلینڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جوناتھن ٹراٹ اگلے ہفتے آئرش مینز ٹیم کو جوائن کریں گے اور 14 روز تک ٹیم کے ساتھ رہتے ہوئے افغانستان کے خلاف ہوم سیریز کی تیاریوں میں معاونت کریں گے۔
ٹراٹ نہ صرف سیریز سے قبل آئرلینڈ کی تیاریوں میں رہنمائی کریں گے بلکہ پہلے اور دوسرے ون ڈے کے دوران میچ ڈے پر بھی ٹیم کو حکمت عملی سے متعلق مشورے دیں گے۔
کرکٹ آئرلینڈ کا کہنا ہے کہ جوناتھن ٹراٹ کی تقرری افغانستان کے خلاف سیریز کی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ 2027 کے اوائل میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کی تیاریوں میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
— Cricket Ireland (@cricketireland) July 14, 2026
کرکٹ آئرلینڈ کے ڈائریکٹر آف ہائی پرفارمنس گریم ویسٹ نے کہا کہ عالمی معیار کے کوچ کو ٹیم کے ساتھ شامل کرنا ایک اہم موقع ہے کیونکہ جوناتھن ٹراٹ کو افغانستان کی ٹیم اور اس کی حکمت عملی کے بارے میں تجربہ حاصل ہے۔
آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 5 اگست سے بریڈی میں ہوگا۔
واضح رہے کہ جوناتھن ٹراٹ نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے اختتام پر افغانستان کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
ان کی کوچنگ میں افغانستان نے تاریخی کامیابیاں حاصل کیں جن میں 2024 کے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہلی مرتبہ رسائی بھی شامل ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments