پاکستان کی ایف کلاس ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی، 4 گولڈ، 4 سلور اور 5 کانسی کے تمغے جیت لیے
بسلی: (دنیا نیوز) برطانیہ کے شہر بسلی میں 7ویں ایف کلاس ورلڈ چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا، پاکستان نے 12 رکنی مختصر دستے کے ساتھ تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 گولڈ، 4 سلور اور 5 کانسی کے تمغے جیت لیے۔
7ویں ایف کلاس ورلڈ چیمپئن شپ 12 اگست کو بسلی، برطانیہ میں شروع ہوئی، جس میں 24 ممالک کے 207 بہترین لانگ رینج شوٹرز شریک ہیں، پہلے مرحلے میں 12 اور 13 اگست کو 800، 900 اور 1000 گز کے فاصلوں پر انفرادی مقابلے ہوئے۔
.jpg)
پاکستان نے ایف ٹی آر کیٹیگری میں چیمپئن شپ کے دوران سب سے زیادہ تمغے حاصل کرکے نمایاں مقام حاصل کیا، پاکستان نے صرف تین سال کی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے دوران ایف کلاس شوٹنگ میں خود کو ایک مضبوط قوت کے طور پر منوایا ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے پاکستان کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 گولڈ، ایک سلور اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ سپاہی محمد ولید نے ایک گولڈ اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا۔
.jpg)
انڈر 25 کیٹیگری میں حذیفہ گل نے 3 سلور اور 2 کانسی کے تمغے حاصل کیے جبکہ احسن گلریز نے ایک کانسی کا تمغہ جیتا۔
پاکستانی شوٹرز کی شاندار کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ جنید علی، محمد ولید، عبید، قاسم، حذیفہ گل، جنید وقاص اور احسن گلریز سمیت 7 پاکستانی شوٹرز 207 کھلاڑیوں میں ٹاپ 100 میں شامل رہے۔
چیمپئن شپ کا انفرادی ورلڈ چیمپئن کا اعزاز سب سے اہم تصور کیا جاتا ہے، جس کے لیے تینوں فاصلوں پر مسلسل بہترین کارکردگی دکھانا ضروری ہوتی ہے۔
.jpg)
لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے تینوں فاصلوں پر شاندار مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انفرادی ایف ٹی آر ورلڈ چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
جنید علی کی یہ کامیابی پاکستان کی بین الاقوامی ایف کلاس تاریخ میں سب سے بڑی انفرادی کامیابی قرار دی جارہی ہے۔
پاکستان کی یہ شاندار کارکردگی 3 سے 8 اگست تک بسلی میں ہونے والی ایف کلاس برٹش اوپن 2026 میں بھی جاری رہی، جہاں پاکستانی ٹیم نے 7 گولڈ، 2 سلور اور 4 کانسی کے تمغے حاصل کیے تھے۔
.jpg)
ایف کلاس ورلڈ چیمپئن شپ کا 16 رکنی ورلڈ چیمپئن شپ ٹیم میچ 15 اور 16 اگست کو 800، 900 اور 1000 گز کے فاصلوں پر ہوگا، پاکستانی ٹیم ایک بار پھر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا پرچم بلند رکھنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments