خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران حادثات ، 21 افراد جاں بحق، 32 زخمی

پشاور : (دنیانیوز) خیبرپختونخوا میں چار روز کے دوران بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 21 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔

پی ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ، رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 9 مرد،3  خواتین اور 9 بچے شامل ہیں ۔ 

رپورٹ کے مطابق  حادثات میں  95 مویشی پانی میں بہہ گئے جبکہ 330 گھروں کو نقصان پہنچا ، بارش سے 53 گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ 277 گھروں اور ایک سکول کو بھی جزوی نقصان پہنچاہے ۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایات پربارش متاثرین کو امدادی چیک بھی دیے جا رہے ہیں اور امدادی سامان بھی فراہم کر دیا گیا ۔ 

امدادی سامان میں 200 خیمے، 100 کچن سیٹ، 200 کمبل شامل ہیں جبکہ متاثرین کو 100 چٹائیاں، 200 مچھر دانیاں اور 200 میٹریسس دیے گئے ہیں، متاثرین کو روزمرہ زندگی کی دیگر اشیاء بھی دی گئی ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں