گورنر کے پی کا چیئرمین این ڈی ایم اے سے رابطہ، بارشوں سے نقصانات پر گفتگو

پشاور: (ویب ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے حالیہ بارشوں سے ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر کے پی نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چودھری، چیئرمین ہلال احمر خیبرپختونخوا حبیب ملک اورکزئی اور چیئرمین ہلال احمر ضم اضلاع عمران وزیر اور میئرپشاور حاجی زبیرعلی سے ٹیلی فونک رابطے کئے۔

حاجی غلام علی نے ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، ٹانک، سوات، دیر، چترال، خیبر، چارسدہ، مہمند اور دیگراضلاع میں حالیہ بارشوں سے ہونیوالے جانی و مالی نقصانات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے مابین آفات سے نمٹنے کا معاہدہ

چیئرمین این ڈی ایم اے سے ٹیلیفونک گفتگو میں گورنر نے حالیہ بارشوں سے ہونیوالی اموات پر متاثرہ خاندانوں کو مالی معاوضوں کی بروقت ادائیگی اور بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے، ہلال احمر، ضلعی انتظامیہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع کے عمائدین علاقہ اور سوشل ورکرز کے ساتھ مل کر جانی و مالی نقصانات سے متعلق ایک جامع مشترکہ رپورٹ مرتب کریں اور معاوضوں کی ادائیگی سمیت بحالی و ریلیف کا کاموں کو مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ تیز کیا جائے۔

اس موقع پر چئیرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بارشوں سے متعلق ہمیشہ بروقت پیش گوئی اور الرٹ جاری کرتے رہتے ہیں لیکن اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مقامی لوگ ان الرٹس کے باوجود حفاظتی اقدامات سے گریز کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونیوالا ہے اور اس حوالے سے بھی پہلے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ عوام اپنی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھا سکیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں