پاکستان نے ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور بھائیوں جیسا دوست کھودیا: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی ایرانی سفارت خانے آمد، وزیراعظم نے ایرانی سفیر سے ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مجھے اپنے بھائی ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ اور غم ہوا ہے، ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور ایران کی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے ترک وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت، دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں، صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ایک شاندارعالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے، پاکستان نے ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور اعلیٰ خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھودیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ ان کی اپنی قوم، پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، گزشتہ ماہ صدر رئیسی کے دورہ پاکستان نے ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کیا، اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے، آمین!

پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیراعظم اور پاکستانی قوم کا مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا رہنے پر شکریہ ادا کیا، ایرانی سفیر نے کہا کہ مرحوم صدر ڈاکٹر رئیسی بھی شہبازشریف کو بہترین انسان اور ایران کا دوست سمجھتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: صنعتوں کو کم لاگت پر بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے: وزیراعظم

ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ صدر رئیسی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کے جذبات اور ان کے الفاظ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستان ایران تعلقات کی مضبوطی و فروغ کے ویژن کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے اعزاز میں سفارتخانے کی وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی درج کئے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں