اہم سیاسی شخصیات کی مرکز صحت پر حملے کی مذمت، شہادتوں پر اظہار افسوس

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری، محسن نقوی سمیت اہم شخصیات نے ڈی آئی خان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی بھرپور مذمت کی اور شہادتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رورل ہیلتھ سینٹر پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت 5 معصوم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بہنوں اور بھائیوں کے ہر خون کے قطرے کا حساب لیں گے، سفاک و بزدل دہشت گردوں نے خواتین ہیلتھ ورکرز اور بچوں کو بھی نہ بخشا، سکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کو یقینی بنایا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جوابی کارروائی میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی جاوید اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، خواتین اور بچوں کے قاتلوں اور ان ان کے سرپرستوں کا بھی سر قلم کر کے دم لیں گے۔

علی امین گنڈا پور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور ہیلتھ سینٹر میں خواتین عملے سمیت 5 شہریوں اور فائرنگ کے تبادلے میں دو سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، رورل ہیلتھ سنٹر پر حملہ انتہائی قابل مذمت اقدام ہے، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ کاروائی ہے، اس طرح کے واقعات میں ملوث عناصر انسان کہلانے کے لائق نہیں۔

محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی مرکز صحت پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی، وزیر داخلہ نے شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہید سکیورٹی جوانوں نے جان دے کر 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، مرکز صحت پر حملہ سفاکیت کی انتہا ہے، معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ درندگی کا مظاہرہ کرنے والے دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے، شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر طبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں