بنوں واقعہ کے شہید سپاہی ثوبان کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں : محسن نقوی

اسلام آباد :(دنیا نیوز ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بنوں میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے والے شہید سپاہی ثوبان کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سپاہی ثوبان نے جان دے کر بہادری کی لازوال مثال قائم کی، سپاہی ثوبان نے ہینڈ گرینڈ پر لیٹ کر اپنی قیمتی زندگی مادر وطن پر قربان کی اور دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپاہی ثوبان نے جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، قوم اپنے ہیرو سپاہی ثوبان کی دلیری کو سلیوٹ کرتی ہے، شہید سپاہی ثوبان جیسے بلند حوصلہ اور قومی جذبے سے سرشار بہادر سپوتوں کے ہوتے ہوئے مکار دشمن کی ہر گھناؤنی سازش ناکام رہے گی۔

واضح رہے بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کے خود کش حملے میں سکیورٹی فورسز کے 8 اہلکار شہید ہوگئے تھے جبکہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے چھاؤنی میں داخلے ہونے کی کوشش کرنے والے تمام 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں