شیر افضل مروت کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ

راولپنڈی: (دنیا نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔

شیر افضل مروت کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ڈاکٹر محمد ممتاز ہنجرا نے کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شیر افضل مروت کے مقدمے کا چالان عدالت پیش نہیں ہوا، شیر افضل مروت کے بیرون ملک روانگی کے بعد وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے شیر افضل مروت کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد رکن قومی اسمبلی کے ناقابل ضمانت ورنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔

یاد رہے کہ شیر افضل مروت پر ٹھلیاں موٹروے کے قریب پلاٹ پر بغیر منظوری تعمیرات کا الزام ہے، تھانہ نصیر آباد میں 2019 میں شیر افضل مروت کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالت نے شیر افضل مروت کی غیر حاضری پر 15 جولائی کو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، عدالت نے شیر افضل مروت کو 30 جولائی کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں