عدالت نے پی ٹی آئی کی 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست نمٹادی

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے اکمل خان کی درخواست پر سماعت کی، ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے ایڈووکیٹ حبیب اللہ عدالت پیش ہوئے، انہوں نے جلسے کی اجازت سے متعلق ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 14 اگست جشن آزادی کا دن ہے، اس روز مختلف شہری مینار پاکستان آ کر قومی دن کو مناتے ہیں، لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی، پیپلزپارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی نے بھی ایونٹس کی درخواست دی تھی۔

ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ کے بعد عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں نئی درخواست دائر کر سکتے ہیں۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں