حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت، پاکستان بھر میں آج یوم سوگ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر پاکستان بھر میں آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔

نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں شہید اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے مشترکہ طور پر فلسطین میں 9 ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری اسرائیلی ظلم پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

اجلاس میں نماز جمعہ کے بعد پورے ملک میں اسماعیل ہانیہ شہید کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پارلیمنٹ میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کیلئے ایک خصوصی قرارداد پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق، مسلم لیگ ضیاء، نیشنل پارٹی کے سربراہان و سینئر نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس میں شرکاء نے اسرائیلی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا، اجلاس میں گزشتہ روز تہران میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا۔

شرکاء نے اتفاق کیا کہ یہ واقعہ فلسطینیوں پر جاری ظلم بند کرنے اور خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش ہے، ایسے واقعات دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں مزید کشیدگی کی فضا کو ہوا دیتے ہیں۔

وزیراعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیل کے ریاستی ظلم کو امت مسلمہ کے لیے المیہ قرار دیا، اجلاس میں پُرزور مطالبہ کیا گیا کہ نہتے فلسطینیوں کی فوری طور پر انسانی ہمدردی کے تحت امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں