‎ترک نیول چیف کا وفد کے ساتھ کراچی کا دورہ،مزار قائد پر حاضری

کراچی :(دنیا نیوز) ‎ترکیہ کی بحریہ کے وفد نے ترک چیف آف سٹاف کی قیادت میں کراچی کا دورہ کیا اور مزار قائد پر حاضری دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ‎ترکیہ کے وفد کی قیادت ترک بحریہ کے چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل ابراہیم اوزدم کوچر کر رہے تھے، ترک وفد نے کراچی میں پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز سے  بھی ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور بشمول پیشہ ورانہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ترک وفد نے مزار قائد پر حاضری بھی دی اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا، ‎دورے کے اختتام پر پاکستان اور ترکیہ بحریہ کے جہازوں نے بحیرہ عرب میں مشترکہ پٹرولنگ اور بحری مشق میں حصہ لیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ اس مشق کے انعقاد سے دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین مشترکہ آپریشنز میں تعاون کو فروغ ملے گا، ترک بحریہ کے جہاز اور وفد کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے عوام بالخصوص بحریہ کے مابین دیرینہ تعلقات کو بھی تقویت ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں