گورنر سندھ کی جماعت اسلامی کے دھرنے میں شامل نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کرانے کی پیشکش

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنا کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جماعت اسلامی کی قیادت کو ایک بار پھر پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لئے کھل چکے ہیں آپ بھی اندر آجائیں، آئی ٹی کورسز میں داخلہ لینے کے لئے دھرنے میں شریک نوجوان اپنی تعلیمی اسناد ضرور ساتھ لائیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ سب کو آئی ٹی کورسز کرانے کو تیار ہوں تاکہ یہ نوجوان ہنر مند بن سکیں، راشن کے لئے کسی تعلیمی اسناد کی ضرورت نہیں، صرف شناختی کارڈ پر مل جائے گا، برسات کا موسم ہے، آجائیں، آپ کو پکوڑے بھی کھلائیں گے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ابھی آئی ٹی کلاسز ہو رہی ہیں، قیادت رات آئی ٹی مارکی میں بسر کرسکتی ہے، آئی ٹی مارکی میں اے سی بھی لگے ہیں، آپ کو گرمی کا احساس بالکل بھی نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ بجلی اور پانی کی عدم دستیابی پر بھی آواز بلند کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بتائیں کہاں پر دھرنا دینا ہے ان ایشوز پر آپ کے ساتھ ہوں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں